اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اُسے مسترد کردیا اور کہا کہ بھارت اپنے مسخ شدہ حربوں سے باز آجائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے بھارتی وازرتِ خارجہ کے کلبھوشن کے معاملے پر دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی ہائی کمیشن اپنی قانونی قونصل پر معاملہ ڈال کر اس مسئلے سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتا ہے‘۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کے فیصلے کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کی کلبھوشن سے ملاقات کروائی اور وکیل کو بھی اس کی دعوت دی مگر سفارتی رابطوں میں بھارت نےخود ہی کسی وکیل کو ہدایت دینےسےانکارکردیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی انکار کے بعد پاکستان نے ریاستی وکیل کا تقررکرکے مقدمے کی کارروائی شروع کی، جس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے زیرحراست بھارتی شہری کا معاملہ بھی پیش کیا۔