کشمیریوں نے اپنے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسین ؓ کو زندہ رکھا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2019
کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا گیا، عمران خان، فوٹو: فائل

کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا گیا، عمران خان، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسین ؓ کو زندہ رکھا اور کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا گیا۔

یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی دس تاریخ ہے، دنیا بھر کے مسلمان نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت اور لازوال قربانی کی یاد تازہ کرتے ہیں، تاریخ اسلام میں یوم عاشور کی الگ اور خاص اہمیت ہے،یہ رفعت و بلندی امام عالی مقام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کربلا کا عظیم معرکہ حق و باطل باور کراتا ہے کہ اسلام کی سر بلندی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جاسکتا، شیرخوار بچوں کڑیل جوان بیٹوں اور اور بھائیوں سمیت سب کچھ دین اسلام کی سر بلندی کے لئے راہ خدا میں نچھاور کردینا ہی عظمت اور سربلندی ہے، جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخشتا ہے، یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہیں ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک اسوائے حسینؓ کا پیغام ہر قلب سلیم کے لئے ہے، کشمیریوں نے اپنے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسین ؓ کو زندہ رکھا اور کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا گیا، راہ حق میں آنے والی ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے اپنی جان جان آفریں کے سپرد کی، قرآن کے ان الفاظ کی عملی تصویر بن جائے جس میں کہا گیا ہے کہ اے نفس مطمئنہ اپنے رب کی طرف لوٹ آ  کہ تو اس سے راضی ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔