• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح اسپتال کے وفد کا رینجرز اسپتال کراچی کا دورہ

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی کے ایک وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کی قیادت میں سندھ رینجرز اسپتال کراچی کا دورہ کیا اور رینجرز حکام کو اسپتال میں علاج کی سہولیات بہتر بنانے میں تعاون کا یقین دلایا۔


جناح اسپتال کراچی کے حکام کے مطابق انہیں رینجرز اسپتال کراچی کے دورے کی دعوت سندھ رینجرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کرنل سید وسیم واسطی نے دی تھی۔

جناح اسپتال کی ٹیم کی سربراہی ڈاکٹر سیمی جمالی کر رہی تھی جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں پروفیسر طارق محمود، پروفیسر شاہد رسول، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈاکٹر سلمان، ڈاکٹر نوشین، اسسٹنٹ پروفیسر میڈیسن ڈاکٹر اسداللّہ اور اسسٹنٹ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مس عشرت شامل تھیں۔

جناح اسپتال کے ماہرین نے اسپتال کے مختلف شعبوں لیبارٹری بلڈ بینک اور آپریشن تھیٹرز کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی اور انفیکشن کنٹرول کے اقدامات کی تعریف کی۔

اس موقع پر جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ ان کا ادارہ نہ صرف رینجرز کے ڈاکٹروں، نیم طبی عملے اور ٹیکنیشنز کو تربیت دینے کے لیے تیار ہے بلکہ وہ اسپتال میں علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔

جناح اسپتال کے ہیڈ آف ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ پروفیسر طارق محمود نے رینجرز اسپتال کو سی ٹی اسکین مشین خریدنے میں مدد اور عملے کی تربیت کی یقین دہانی کروائی۔

جناح اسپتال کے ماہرین نے رینجرز کے کراچی میں امن و امان بحال کرنے میں اہم کردار کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ ان کا ادارہ رینجرز اسپتال میں علاج کی بہتر سہولیات مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

سندھ رینجرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کرنل وسیم واسطی نے جناح اسپتال کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں اسپتالوں میں تعاون کے نتیجے میں نہ صرف رینجرز کے جوانوں، ان کے اہل خانہ بلکہ دیگر لوگوں کو بھی علاج کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

تازہ ترین