• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، دوسرے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا

آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے  مرحلے میں بھی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی اپنی آبائی یونین کونسل میں بھی پی ٹی آئی کو شکست ہوگئی۔ ان کی یوسی میں پیپلز پارٹی جموں و کشمیر کے امیدوار اویس لیاقت 134 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ پی ٹی آئی امیدوار نے 111 ووٹ حاصل کیے۔

راولا کوٹ میں بھی پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہوئی ہے۔ راولا کوٹ میونسپل کارپوریشن کی 22 نشستوں میں سے پی ٹی آئی صرف 3 نشستیں جیت سکی ہے۔

یوں مظفرآباد کے بعد آزاد کشمیر کے ایک اور بڑے شہر راولا کوٹ میں بھی میئر اپوزیشن سے ہوگا۔

حویلی کہوٹہ کی بارہ یونین کونسلوں میں سے دس کے غیر سرکاری، غیر حتمی نتائج  کے مطابق صرف ایک نشست پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی، ن لیگ پانچ اور پیپلز پارٹی چار نشستیں لے گئی۔

اس سے پہلے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی حکمراں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع راولا کوٹ، باغ، پلندری اور حویلی میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔

چاروں اضلاع میں787 نشستوں پر انتخابات میں 8 خواتین سمیت 3859 امیدوار مد مقابل رہے، پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

حسین وادیوں میں موسم نہایت سرد لیکن سیاسی پارا ہائی رہا، ووٹرز جوش وخروش کے ساتھ ووٹ ڈالنے گھروں سے نکلے، دور دراز پہاڑی علاقوں میں بھی انتخابی گہما گہمی دیکھنے میں آئی خواتین، معذور اور بزرگ شہریوں نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا۔

قومی خبریں سے مزید