مسلم لیگ (ن) کی نئی سیاسی حکمت عملی پر کام شروع، مریم نواز کو نیا عہدہ دئیے جانے کا امکان

مسلم لیگ (ن) کی نئی سیاسی حکمت عملی پر کام شروع، مریم نواز کو نیا عہدہ دئیے ...
مسلم لیگ (ن) کی نئی سیاسی حکمت عملی پر کام شروع، مریم نواز کو نیا عہدہ دئیے جانے کا امکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( جاوید اقبال سے)پنجاب حکومت ہاتھ سے نکلنے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نئی سیاسی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے، پارٹی کو متحرک اور مضبوط کرنے کیلئے مریم نواز کو نائب صدر کے ساتھ نیا عہدہ بھی دئیے جانے کا امکان ہے،مریم نواز آنے والے دنوں میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں زیادہ وقت گزاریں گی جس کیلئے ان کے علیٰحدہ سے دفتر کی تیاری بھی جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں پارٹی کو سیاسی طور پر متحرک اور مضبوط کرنے کے لئے مریم نواز کو ذمہ داری سونپ دی ہے جس کیلئے انہوں نے آئندہ بھرپور سیاسی ملاقاتیں اور سر گرمیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قیادت کی طویل مشاورت اور مسلم لیگ (ن)کے قائدکی ہدایت پر مریم نوازکو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی نائب صدر کے علاوہ مریم نواز کو ایک اضافی عہدہ دینے کا بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے پارٹی کو مضبوط بنانے اور اس کو ہر جگہ متحرک کرنے کیلئے مریم نوازکو باضابطہ اہم ٹاسک مل گیا۔ مریم نواز جاتی امرا ء کے بجائے ماڈل ٹاؤن میں بیٹھ کر سیاسی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گی اور حصہ لیں گی،اس کے لئے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں مریم نواز کے لیے الگ سے آفس کی تیاری کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔مریم نواز کے لئے دفتر پارٹی سیکرٹریٹ کے عقب میں بنایا جا رہا ہے جہاں وہ بھرپور سیاسی سر گرمیاں کریں گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق تزئین و آرائش کے بعد دفتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کو مانیٹر کرنے کے لئے جدید آلات نصب کئے جائیں گے۔ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کے متعدد ونگز مریم نواز کو ہی رپورٹ کریں گے۔