بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ ریمارکس کے بعد نریندر مودی کا یو اے ای کا دورہ

29 جون 2022
یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان ابوظہبی ایئر پورٹ پر نریندر مودی کا استقبال کررہے ہیں— فوٹو: نریندر مودی ٹوئٹر
یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان ابوظہبی ایئر پورٹ پر نریندر مودی کا استقبال کررہے ہیں— فوٹو: نریندر مودی ٹوئٹر

بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے پیغمبر اسلامﷺ کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے کے چند ہفتے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچے، پیغمبر اسلام(ص) کی توہین نے خلیجی ممالک سمیت مسلم دنیا میں غم و غصے کو جنم دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی ٹوئٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے ابوظہبی ائیر پورٹ پر نریندر مودی کا استقبال کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی ایئر پورٹ پر میرے استقبال کے لیے آنے والے میرے بھائی عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان سے متاثر ہوا ہوں، میں ان کا شکر گزار ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، یو اے ای کا بھارت میں 70 ارب ڈالر کی ریفائنری لگانے پر غور

بھارتی وزیراعظم جرمنی میں 'جی 7' سمٹ میں شرکت کرکے واپس بھارت جاتے ہوئے یو اے ای کا ایک روزہ دورہ کررہے ہیں، ان کی جماعت کی ترجمان کی طرف سے پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں توہین آمیز تبصرے پر اس مہینے کے اوائل میں خلیجی ممالک میں احتجاج کیا گیا تھا۔

متحدہ عرب امارت اور سعودی عرب نے اس کی مذمت کی تھی جبکہ قطر اور کویت نے بھارت کے سفارت کاروں کو طلب کیا تھا، کویت میں ایک سپر مارکیٹ نے بھارتی مصنوعات ہٹا دی تھیں۔

مسلم ممالک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کے بعد حکمراں جماعت بی جے پی نے نوپور شرما کو ان کے ریمارکس پر معطل کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلامی تعاون تنظیم کی توہین آمیز تبصروں پر بھارت پر تنقید

ان ریمارکس کے بعد بھارت میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں جبکہ اس ترجمان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

پاکستان نے بھی بی جے پی کے رہنما کی پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف ریمارکس کی شدید مذمت کی تھی اور صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی حکمران جماعت سے مطالبہ کیا تھا کہ انتہا پسند اور فاشسٹ ہندوتوا نظریے سے پرہیز کریں اور اس کی مذمت کریں۔

بھارت کے وزیر خارجہ نے کہا کہ نریندر مودی کے دورے کا مقصد شیخ محمد بن زید النہیان سے ان کے بھائی سابق صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار ہمدردی کرنا اور انہیں صدر بننے پر مبارکباد دینا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی و ثقافتی تعلقات ہیں، یو اے ای میں بھارتی شہری 1 کروڑ آبادی کا 35 فیصد ہیں جو کہ سب سے بڑی تارکینِ وطن کمیونٹی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان 59 ارب ڈالر کی تجارت ہے، 20-2019 میں چین اور امریکا کے بعد خلیجی ملک بھارت کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز تبصروں کی مذمت کرتے ہیں، امریکا

بھارت کے لیے متحدہ عرب امارت برآمدات کا تیسرا بڑا ملک ہے، 21-2020 میں تقریباً 16 ارب ڈالر کی برآمدت کی گئی تھیں۔

فروری میں دونوں ممالک نے جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں