28 جون ، 2022
پاکستان میں آپریٹ کرنے والی ایک غیر ملکی موبائل کمپنی نے اخراجات میں اضافے کو جواز بنا کر صارفین سے ہر بار اسکریچ کارڈ کے ذریعے بیلنس ری چارج کرنے پر اضافی 5 روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے موبائل آپریٹر کی جانب سے صارفین کو ایک ایس ایم ایس بھیج کر آگاہ کیا گیا۔
اس ایس ایم ایس میں کہا گیا کہ ’اخراجات بڑھنے کے باعث 30 جون 2022 سے اسکریچ کارڈ کے ذریعے کیے جانے والے ہر ری چارج پر 5 روپے کی کٹوتی کی جائے گی۔‘
اس حوالے سے موبائل آپریٹر نے واضح نہیں کیا کہ یہ 5 روپے اِس وقت اسکریچ کارڈ سے بیلنس ری چارج پر سیلز ٹیکس کیلئے منہا کی جانے والی رقم کا حصہ ہیں یا یہ 5 روپے کی کٹوتی اس سے الگ ہے۔
اس حوالے سے ابھی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
اس ایس ایم ایس کے بعد ٹوئٹر پر صارفین نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت کہاں ہے جس کا کہنا تھا کہ بڑی صنعتوں پر ٹیکسوں کے نفاذ سے عام افراد یا صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے یہ لکھا کہ ’بس اسی کی کمی تھی۔‘