• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی لانگ مارچ، راستے بند، متعدد کارکنان گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے راستے بند کردیے گئے جبکہ پارٹی کارکنان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ 

ادھر لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو گرفتار کیا تاہم کچھ دیر بعد رہا گردیا گیا، پی پی رہنما ندیم افضل چن کے بھائی سابق ایم پی اے وسیم افضل چن کو بھیرہ موٹر وے انٹرچینج پر گرفتار کرلیا گیا۔

سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو گرفتار نہیں کیا، دونوں خواتین خود پولیس کی گاڑی میں بیٹھی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو پولیس کی گاڑی سے اتار دیا گیا۔

پولیس یاسمین راشد اورعندلیب عباس کو رہا کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی۔

علی امین گنڈہ پور کی قیادت میں آزادی مارچ پنجاب میں داخل ہوگیا، کنڈل انٹر چینج پر رکھے گئے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے، پی ٹی آئی رہنما کارکنوں کیساتھ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔

فیض آباد کے مقام پر پولیس کی مزید نفری تعینات کردی گئی، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض اور ایس پی راول بابر جوئیہ بھی فیض آباد پہنچ گئے ہیں۔

راولپنڈی پولیس نے ہیوی مشینری بھی فیض آباد کے مقام پر طلب کر لی ہے، پولیس کی مزید گاڑیاں،قیدی وین اور واٹرکینن بھی فیض آباد پہنچا دی گئی ہے۔

حیدرآباد میں پی ٹی آئی رہنما خاوند بخش جہجو کی گرفتاری کے لیے ٹنڈو جام میں جہجو ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا تاہم گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

پولیس کے مطابق خاوند بخش جہجو کی گرفتاری کے لیے نفری نے جہجو ہاؤس کی تلاشی لی۔

کوتوالی تھانے میں 90 کے قریب پی ٹی آئی کارکنوں کےخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما جمال ناصر چیمہ کو گرفتار کرلیا گیا، ان کے بھائی بلال ناصر چیمہ نے گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

بلال ناصر چیمہ کے مطابق جمال ناصر چیمہ کو قافلے کے ساتھ اسلام آباد جاتے ہوئے ہوئے ہیڈ قادر آباد سے گرفتار کیا گیا۔

حماد اظہر کو گرفتار کرنے کوشش

لاہور پولیس کی جانب سے شاہدرہ چوک کے قریب پی ٹی آئی کے اہم رہنما حماد اظہر کو گرفتار کرنے کوشش کی جارہی ہے، پی ٹی آئی سیالکوٹ کے ضلعی صدر علی اسجد ملہی کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایوان عدل لاہور میں پولیس اور وکلاء میں جھڑپیں جاری ہیں، وکلاء کی بڑی تعداد ایوان عدل کے باہر موجود ہے، بتی چوک پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔

پنجاب پولیس نے مختلف جگہوں پر احتجاج کرنے والے 40 سے 50 پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرلیا، جھنگ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی ہے، دریائے چناب پر تریموں ہیڈ ورکس ٹریفک کے لئے بند ہے۔

لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے ہیں، پولیس نے دو گاڑیوں کے ٹائروں سے ہوا نکال دی جس کے بعد بتی چوک میں دوبارہ شیلنگ شروع کر دی گئی ہے۔

بتی چوک کےقریب پولیس کا لاٹھی چارج اور شیلنگ سے پی ٹی آئی کی خاتون رکن بے ہوش ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے سری نگر ہائی وے پر آنے والےپی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے دفعہ 144کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن کا حکم دے دیا ہے، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔

پولیس اہلکاروں کو شیلنگ کےسامان کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

عمران خان ولی انٹر چینج سے حقیقی آزادی مارچ کو لیڈ کرینگے

شہباز گل کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اب سے کچھ دیر میں ولی انٹرچینج پہنچ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شہباز گل نے کہا کہ عمران خان ولی انٹر چینج سے حقیقی آزادی مارچ کو لیڈ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام کے پی کے غیور عوام ولی انٹر چینج پہنچیں۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار مردان پہنچ گئے

یاسمین راشد کی گاڑی پر پولیس کا دھاوا

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی پر پولیس کا دھاوا، شیشے توڑ دیئے گئے، شدید لاٹھی چارج۔

پولیس کی جانب سے یاسمین راشد کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کے دوران ونڈ اسکرین توڑ دی گئی جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی پولیس کا حصار توڑتے ہوئے آگے نکل گئی۔

پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی کو بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تاہم کارکنوں نے انہیں پولیس سے چھڑا لیا۔

زیر حراست زبیر نیازی کو کارکنوں نے چھڑا لیا

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گھر سے اسلحہ برآمد ہونے کے معاملے پر کہنا ہے کہ یہ خبر مکمل طور پر جھوٹ پر منبی ہے۔

زبیر نیازی نے کہا کہ یہ سب بالکل بکواس ہے، میری گاڑی سے ہتھیاروں کے بارے میں جعلی خبریں اس صدی کا لطیفہ ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا لانگ مارچ کیلئے این او سی دینے سے انکار

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لئے این او سی دینے کی درخواست مسترد کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے وجوہات کے ساتھ جوابی خط پی ٹی آئی رہنما کو لکھ دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جوابی خط میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جی نائن اور ایچ نائن کے درمیان والی جگہ موزوں نہیں۔

شیلنگ کر لو، ہم نہیں رکیں گے، عندلیب عباس

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کا لانگ مارچ کے راستوں پر رکاوٹوں اور پنجاب پولیس کی جانب سے کی جانے والی شیلنگ پر کہنا ہے کہ ہم نہیں رُکیں گے۔

عندلیب عباس کی جانب سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے میرے قافلے پر زہریلی گیس کی شیلنگ کی جا رہی ہے۔

عندلیب عباس کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ’ظالموں، قاتلوں زہریلی گیس شیلنگ کر لو، ہم نہیں رکے گیں۔‘

اس ویڈیو میں لانگ مارچ کے شرکاء سمیت عندلیب عباس نے بھی ماسک پہنا ہوا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے سبب ملک بھر مختلف مقامات پر شاہراہوں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور

لاہور میں بتی چوک پر پی ٹی آئی کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹا دیں، پی ٹی آئی کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی ہے۔

اس سے قبل لاہور میں شاہدرہ موڑ سے بتی چوک آنے والا راستہ بند کیا گیا تھا جبکہ لاہور میں داخل ہونے والی ٹریفک کو بھی روک دیا گیا ہے۔

جی ٹی روڈ پر اٹک کے قریب ہرو پل کو دو طرفہ ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، پل پر مٹی ڈال دی گئی ہے اور دونوں اطراف کنٹینر لگائے دیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں جناح ایونیو چائنا چوک پر کنٹینر لگا کرسڑک بند کر دی گئی ہے، جی 10 سے اسلام آباد میں داخلی راستہ بھی کنٹینر لگا بند کیا گیا ہے۔

کراچی

کراچی میں کوریڈور تھری سے مزار قائد جانے والا راستہ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

کوریڈور تھری کو ٹینکر لگا کر بند کیا گیا ہے جس کے سبب پیپلز چورنگی سے پارکنگ پلازہ آنے اور جانے والی سڑک بند ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے، جبکہ پیپلز چورنگی سے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا جارہا ہے۔

فیصل آباد

فیصل آباد میں موٹروے ایم تھری اور ایم فور ٹریفک کیلئے بند کی گئی ہے، کمال پور انٹرچینج، ساہیانوالہ، ڈپٹی والا، جڑانوالہ اور سمندری انٹرچینج کنٹیر رکھ کر بند کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد شہر کے 10 داخلی اور خارجی پوائنٹس پر ناکہ بندی کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

گوجرانوالہ

گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ مریدکے مقام پر پولیس نے پیدل گزرنے والا راستہ بھی بند کردیا ہے۔

گوجرانوالہ سے لاہور جانے والے افراد نالہ ڈیک کے گندے پانی سے گزر کر جانے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اجلاس میں اس بات کا عزم کیا گیا کہ ہر غیر قانونی کام کا راستہ روکا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے اتحادی جماعتوں کے وفاقی وزراء کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہیں روکا جائے گا، یہ لوگ اسلام آباد آ کر افراتفری پھیلائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ لوگ گالیوں سے گولیوں پر آ گئے ہیں، لانگ مارچ کے نام پر فتنہ مارچ کیا جا رہا ہے، لانگ مارچ کے نام پر قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے، اس فتنے اور فساد کو روکنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

علاوہ ازیں پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا تھا کہ ہرحال میں اسلام آباد کے لیے نکلیں گے، کابینہ کا ہمیں روکنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے۔

عمران خان نے کہا تھا کہ جب یہ اقتدار میں نہیں ہوتے تو انہیں جمہوریت یاد آ جاتی ہے، اس حکومت اور فوجی آمروں کے درمیان کوئی خاص فرق نہیں، فاشسٹ حکومت کی تاریخ ہمیں معلوم ہے، یہ وہی حربے استعمال کرتے ہیں جو آمر کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید