• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل اسٹیڈیم کے باہر بچوں کا احتجاج، ویڈیو وائرل

اسکرین گریب، ٹوئٹر
اسکرین گریب، ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ کے سیزن سیون کے میچ کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے باہر کرکٹ کے متوالے بچوں کا معصومیت بھرا احتجاج سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

اسٹیڈیم کے باہر بیٹھے بچے دہائی دے رہے ہیں کہ ہمیں جانے نہیں دے رہے آپ شکایت کریں۔

بچہ کیمرے میں دیکھتے ہوئے کہتا ہے کہ پہلے بتایا نہیں کہ ویکسینیشن کروا کر آنی ہے۔

ایک اور بچہ کہتا ہے کہ ٹکٹ دے دیے پھر کہتے ہیں کہ ویکسینیشن کروا کر آؤ۔

ویڈیو کے آخر میں ایک اور بچہ کہتا ہے کہ یہ ویڈیو ہر جگہ مشہور کریں تاکہ ہمیں اسٹیڈیم میں جانے دیا جائے۔

سوشل میڈیا پر بچوں کے احتجاج کی ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل میچز میں 12 سال سے کم عمر شائقین کے داخلوں کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بچوں کیلئے خریدے جانے والے ٹکٹس ری فنڈ کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے سے قبل شروع ہوچکی تھی، جب ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی اس وقت سو فیصد تماشائیوں کی اجازت تھی۔

ٹکٹس ری فنڈ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ری فنڈ کی سہولت سے 30 جنوری رات بارہ بجے تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید