اذان سمیع خان: گانا ’ایک لمحہ‘ کی ویڈیو دراصل کراچی کے نام میرا ’لوو لیٹر‘ ہے

آذان سمیع خان
،تصویر کا کیپشنآذان سمیع خان گلوکار عدنان سمیع خان اور اداکارہ زبین بختیار کے بیٹے ہیں

’میرے گانے ’ایک لمحہ‘ کی ویڈیو دراصل کراچی کے نام میرا ایک لوو لیٹر (پیار بھرا خط) ہے۔ پوری زندگی ہم نے کراچی کے بارے میں سُنا کہ یہ شہر کیسا ہوا کرتا تھا۔ کتنا خوبصورت شہر تھا اور دنیا جہاں سے لوگ یہاں آتے تھے۔ اپنے بڑوں سے ہم نے یہ باتیں سُنی تھیں۔‘

یہ کہنا ہے کہ گلوکار اور اداکار اذان سمیع خان کا، جن کی میوزک البم کا تیسرا گیت ’ایک لمحہ‘ ریلیز ہو چکا ہے اور اسے کافی پسند بھی کیا جا رہا ہے۔

بی بی سی اُردو کے لیے صحافی مکرم کلیم کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اذان نے بتایا کہ انھوں نے گذشتہ برس فروری میں اپنے البم کا اعلان کیا تھا جس پر ڈیڑھ سال سے کام جاری تھا۔

وہ کہتے ہیں کہ کہ ’البم ریلیز کی اور پہلا گانا ’میں تیرا‘ جاری کیا۔ اس پر جو ردعمل ملا میں اس کی امید نہیں کر رہا تھا۔ لوگوں نے بہت پیار دیا۔ یہ میری توقعات سے کہیں زیادہ تھا۔ پھر میرا گانا ’تو‘ آیا اور اب ’ایک لمحہ‘ ریلیز ہوا۔‘

اس گانے کو گایا تو اذان سمیع خان نے خود ہے تاہم اس کے بول بالی ووڈ میں کئی گانے لکھنے والے اے ایم طوراز نے لکھے ہیں جبکہ اسے ڈائریکٹ احتشام الدین نے کیا۔

’ایک لمحہ‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اذان مزید کہتے ہیں کہ یہ گیت ان کے دل کے انتہائی قریب ہے۔

’ایک لمحہ‘ میرے دل کے بہت قریب ہے کیونکہ آپ جب کچھ گانے بنا رہے ہوتے ہیں تو کچھ یادیں آپ کو کسی جگہ واپس لے جاتی ہیں،جہاں آپ نے اس دھن کے بارے میں سوچا ہوتا ہے تو میرے لیے ’ایک لمحہ‘ وہ گانا ہے۔

اس گانے کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے اذان نے بتایا کہ یہ گانا ان لمحات کے بارے میں ہے جب آپ کو صحیح اور غلط میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔

’کبھی کبھار غلط آپ کو سکون دیتا ہے اور وہ عارضی طور پر آپ کو ایک اور دنیا میں لے جاتا ہے اور جو صحیح ہے وہ مشکل ہے وہ ایک زخم چھوڑ دیتا ہے۔ اور یہ گانا اسی بارے میں ہے۔‘

اس گانے کی ویڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے اذان نے بتایا کہ اس کے لیے انھوں نے بہت ریسرچ کی اور بہت سے لوگوں سے ملاقات کی۔

اذان کہتے ہیں کہ یہ ویڈیو ہمیں ایسے وقت میں واپس لے جاتی ہے جس کے بارے میں شاید بہت کم ہی لوگ جانتے ہیں۔

’ہمارے بڑوں نے جو کہانیاں اور باتیں ہمیں بتائی ان کو لے کر یہ ویڈیو بنائی گئی کہ کراچی دراصل کیسا تھا۔‘

ایک لمحہ گانا

’میرے والد اپنے گانوں کی ویڈیو پر بہت زیادہ توجہ دیا کرتے تھے‘

ایک سوال کے جواب میں کہ ایک زمانے میں آرٹسٹ اپنے گانے کی ویڈیو میں اپنے نظریات کو پیش کرتے تھے لیکن پھر یہ سلسلہ بند ہو گیا، تو کیا ’ایک لمحہ‘ گانا کی کی یہ ویڈیو اس دور کو دوبارہ سے واپس لانے کی ایک کوشش ہے، اذان نے کہا کہ اگر میں یہ کہوں کہ میں کسی چیز کو دوبارہ واپس لا سکتا ہوں تو یہ بہت بڑا بول ہو گا۔

’لیکن اگر آپ گذشتہ ایک دو سال کو دیکھیں تو یہ سلسلہ آہستہ آہستہ دوبارہ واپس آ رہا ہے اور اس کا واپس آنا بہت ضروری ہے۔ اس کے بند ہونے کی وجوہات کافی ساری ہیں۔ جیسے ٹی وی سے آن لائن منتقل ہونا، میوزک چینلز کا بند ہونا، تو مجھے لگتا ہے کہ جیسے فلم میوزک پھر سے آہستہ آہستہ اپنی جگہ بنا رہا ہے تو ساتھ پاپ میوزک بھی دوبارہ اپنی جگہ بنائے گا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’لوگوں کو دوبارہ سے اسے سننے کی عادت ڈالنی پڑے گی۔ ہمیں لگتا ہے کہ صرف 10، 12 برس ہوئے ہیں لیکن اس میں کئی ایسی نسلیں آ جاتی ہیں جو میوزک سُن رہی ہوتی ہیں۔ اب نئی نسلوں کو شاید اس طرح سے پاکستانی میوزک سننے کو نہیں ملا اور وہ بالی ووڈ اور مغرب کا میوزک سُن رہی ہوتی ہیں۔ تو میرے خیال میں ایسا ہی ہوا لیکن اب چیزیں بدل رہی ہیں۔‘

وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کو یہاں کے بڑے بڑے سنگرز اور کمپورز کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔

’میرے خیال میں اس مٹی میں ایسے (میوزک کے) بہت زیادہ جراثیم ہیں اور ابھی یہ لوگ سامنے آئیں گے اور میں بھی ان میں سے ہی ایک ہوں۔‘

اذان سمیع خان گلوکار عدنان سمیع خان اور اداکارہ زبیا بختیار کے بیٹے ہیں۔ اپنے والد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اذان نے کہا کہ ان کے والد بھی اپنے گانوں کی ویڈیو پر بہت زیادہ توجہ دیا کرتے تھے۔

’ہر ویڈیو کا ایک مقصد، سٹوری لائن ہوتی تھی۔ ہر ویڈیو کو ایک ’منی فلم‘ کے طور پر دیکھتے۔ میں بھی گانے بناتے ہوئے یہی سوچتا ہوں کہ اپنے فینز کو کچھ ایسا دوں جو انھوں نے پہلے نہ دیکھا ہو یا کم از کم میری طرف سے نہ دیکھا ہو۔‘

مایا علی
،تصویر کا کیپشنمایا نے بتایا کہ یہ ان کے کرئیر کی پہلی میوزک ویڈیو ہے

’ایک لمحہ‘ بناتے ہوئے دماغ میں صرف مایا کا ہی چہرہ آیا

اپنے ایک گانے کی ویڈیو میں ماہرہ خان اور دوسرے میں مایا علی کو فیچر کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اذان نے کہا کہ یہ دونوں ان کی بہت قریبی دوست ہیں۔

’یہ دونوں فلم ’سپر سٹار‘ اور ’پرے ہٹ لو‘ میں میری کمپوزر ہیروین رہ چکی ہیں۔ میرا تب سے ان سے ایک تعلق بنا ہوا ہے۔ میرے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ انھوں نے میرے ساتھ کام کیا اور مجھے سکرین پر دو بہترین انسانوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ دنیا انھیں ایک اچھے ٹیلنٹ کے طور پر جانتی ہے لیکن میرے لیے یہ دونوں بہت اچھی انسان ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

وہ کہتے ہیں کہ ’تو میرا‘ گانے کی ویڈیو کا خیال جب میرے دماغ میں آیا تو میں نے ماہرہ کو کہا کہ اگر آپ اس میں کام نہیں کریں گی تو میں یہ کروں گا ہی نہیں۔ ایک لمحہ کرتے ہوئے بھی میرے دماغ میں صرف مایا کا ہی چہرہ آیا۔‘

’گانے کی ویڈیو میں لڑکی اپنی مایوں چھوڑ کر لڑکے سے ملنے آتی ہے‘

اپنے گیت ’ایک لمحہ‘ کی ویڈیو کی کہانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اذان نے کہا کہ اس میں لڑکا ایک کلب میں کام کرتا ہے اور اس کا ایک بہت بڑے خاندان کی لڑکی سے رومانوی تعلق رہا ہوتا ہے۔

’لڑکی اپنی مایوں کی تقریب چھوڑ کر لڑکے سے ملنے آتی ہے اور یہ دونوں کی آخری ملاقات ہے لیکن اس دور میں معاشرہ کلب میں گانا گانے والے لڑکے اور بڑے خاندان کی لڑکی کے تعلق کی اجازت نہیں دیتا تھا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’اس گانے کی ویڈیو بہت علامتی ہے اور اس بارے میں ہے کہ جب دو لوگ کسی بھی وجہ سے ایک نہیں ہو سکتے۔ یہ اس لمحے کے بارے میں ہے جب آپ محسوس کرتے ہیں کہ وہ انسان کتنا اچھا ہے لیکن آپ اسے پا نہیں سکتے۔‘

’اس گانے کے ذریعے میں نے کچھ لمحوں کے لیے ماضی کے کراچی کو جیا‘

اذان سمیع خان کے گیت ’ایک لمحہ‘ کی ویڈیو میں ان کے ساتھ اداکارہ مایا علی بھی موجود ہیں۔

مایا کہتی ہیں کہ ان کی بہت سی فلموں کا میوزک اذان نے ہی کمپوز کیا تو جب وہ اپنے گانے کے لیے ان کے پاس آئے تو انھیں سوچنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔

وہ کہتی ہیں کہ اس گانے میں سنہ 1960-1965 کا ماحول دکھایا گیا ہے۔

’اس گانے کے ذریعے میں نے کچھ لمحوں کے لیے اس وقت کے کراچی کو جیا۔ بہت خوبصورت سیٹ تھا، میں نے ایک لمحے کو سوچا کہ جس کراچی میں ہم اب رہ رہے ہیں وہ پہلے ایسا بھی تھا۔ اس شوٹ کے ذریعے میں اس (ماضی) کراچی میں بھی گئی۔‘

مایا نے یہ بھی بتایا کہ یہ ان کے کرئیر کی پہلی میوزک ویڈیو ہے۔

’مجھے لگا کہ تھوڑا سا ڈانس کرنا ہو گا بس لیکن احتشام نے کہا کہ مجھے ہر تھاپ پر اداکاری بھی کرنا ہو گی۔‘

جب صحافی مکرم کلیم نے مایا علی سے پوچھا کہ آپ تو کہہ چکی ہیں کہ آپ کوئی آئٹم نمبر نہیں کریں گی تو یہ گانا کیوں کیا تو اس کے جواب میں مایا نے کہا کہ یہ کوئی آئٹم نمبر نہیں بلکہ گانا ہے۔

’یہ بہت خوبصورت ہے اور اس کا آئٹم نمبر یا کسی اور گانے سے کوئی لینا دینا ہی نہیں۔‘