سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ قیدیوں کی منتقلی کی منظوری

ویب ڈیسک  منگل 25 جنوری 2022
سعودی کابینہ نے دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا (فائل: فوٹو)

سعودی کابینہ نے دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا (فائل: فوٹو)

ریاض: سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی کی منظوری دے دی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں قیدیوں کو پاکستان منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پاکستان کے ساتھ جرائم اور منشیات اسمگلنگ کے انسداد کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

سعودی کابینہ نے وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ مذکورہ جرائم کے انسداد کے لیے دیگر ممالک سے بھی معاہدے کیے جائیں۔

کابینہ نے اجلاس کے دوران حوثی باغیوں کے حالیہ حملوں کی بھی مذمت کی۔

سعودی عرب کی کابینہ نے ملک میں سیاحت کے فروغ کی حکمت عملی پر گفتگو کی۔ اراکین نے ملکی وزارتوں اور ایجنسیوں میں نئی بھرتیوں کی بھی مںظوری دی۔

کابینہ اراکین نے اجلاس کے دوران دیگر امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔