پاکستان
Time 20 جنوری ، 2022

کورونا فنڈ سے 40 ارب روپے وفاق نےکھائے، مریم اورنگزیب کا الزام

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی حکومت پر کورونا ریلیف فنڈ میں 40 ارب روپے کی بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کورونا سے متعلق فنڈز کا حکومت نے ریکارڈ فراہم نہیں کیا،کورونا فنڈکے 354 ارب میں سے 40 ارب روپے وفاق نے کھائے، وفاقی کابینہ نے اپنے ہی آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کو مسترد کیا۔

 مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کورونا ریلیف فنڈ کا بھی ریکارڈ نہیں دیا گیا، آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کو پبلک نہیں کیا گیا،کورونا ریلیف فنڈ میں خیبرپختونخوا کے عوام کا خون نچوڑا گیا، خیبرپختونخوا کورونا ریلیف فنڈ میں 36 کروڑ 60 لاکھ کی ادائیگیوں کا ریکارڈ نہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ پر اپنی تصویر لگا کر عوام کو صحت سہولیات نہیں ملتی، بی آرٹی پشاورپرپوچھاجائے تو حکم امتناع کے پیچھے چھپا جاتا ہے، چار لاکھ آر ایم اے کِٹس کا ٹھیکا نااہل کمپنی کودیا گیا،اینٹیجن کِٹس کاکنٹریکٹ بھی ایسی کمپنی کودیاجس نے جعلی دستاویزات دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایکسرے مشینوں کی کٹِس اور فلمز اسپتالوں کو فراہم نہیں کی گئیں،یہ پی ٹی آئی کی ساڑھے 8 سال کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی ہے،آکسیجن سلنڈرز کی خریداری میں بھی 5 کروڑ روپے کا نقصان کیا گیا۔

مزید خبریں :