کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر کے لیے مسلم دنیا کا اہم ترین سائنس ایوارڈ

کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر کے لیے مسلم دنیا کا اہم ترین سائنس ایوارڈ

کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر کے لیے مسلم دنیا کا اہم ترین سائنس ایوارڈ

پاکستانی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو بدھ کے روز بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں ان کی خدمات پر 2021 کے مصطفی پرائز سے نوازا گیا۔

مصطفی پرائز، سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا کا ایک اعلیٰ ایوارڈ ہے، جو اسلامی دنیا کے اعلیٰ محققین اور سائنسدانوں کو دو سال میں ایک بار چار زمروں میں دیا جاتا ہے جس میں لائف اینڈ میڈیکل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، نانو سائنس اینڈ نانو ٹیکنالوجی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت سائنس اور ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں سے سائنسدان اور محققین حصہ لے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیئے: دیر میڈیکل کالج کی تعمیر 6 سال بعد بھی ایک خواب

 

یہ انعام 2012 میں بین الاقوامی سطح پر سائنسی فضیلت کی علامت کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور اسے مسلم دنیا کا نوبل انعام سمجھا جاتا ہے۔

پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے پانچ سائنسدانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں 2021 کا مصطفی پرائز دیا گیا ہے۔

مصطفی پرائز کی ویب سائٹ کے مطابق، ہر زمرے میں جیتنے والوں کو 500،000 ڈالر، ایک تمغہ اور ایک سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری عالمی شہرت یافتہ میڈیکینل کیمسٹ ہیں۔

ان کے بین الاقوامی جرائد میں آرگینک اور بائیوآرگینک کیمسٹری کے شعبوں میں 1،175 تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں جبکہ، 76 کتابیں اور 40 چیپٹرز بڑے امریکی اور یورپی پریس نے شائع کی ہیں۔ انہوں نے اب تک 40 امریکی پیٹنٹ بھی حاصل کیے ہیں۔ ڈاکٹر اقبال کے کام کو دنیا بھر کے محققین نے مشعلِ راہ بنایا ہے۔ ان کی نگرانی میں اب تک 94 مقامی اور بین الاقوامی اسکالرز اپنی پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کر چکے ہیں۔

ڈاکٹر اقبال کے پاس ڈی ایس سی، پی ایچ ڈی اور سی سی ایچ ای ایم کی ڈگریاں ہیں، مختلف ادوار میں پاکستانی حکومتوں نے انہیں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے نوازا ہے۔

مزید پڑھیئے: ایم ڈی کیٹ کے خلاف ڈاکٹرقدیر کی درخواست، وزارت داخلہ و صحت سے جواب طلب

وہ معروف اکیڈمیوں کے فیلو منتخب ہوئے ہیں جن میں اکیڈمی آف سائنسز فار ڈیولپنگ ورلڈ، اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز، رائل سوسائٹی آف کیمسٹری اور کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان شامل ہیں۔

پروفیسر اقبال کو اس سے قبل ایران کے صدر نے خوارزمی انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا تھا جبکہ آذربائیجان کے صدر کی جانب سے انہیں تعلیم کے شعبے میں خدمات پر ای سی او ایوارڈ دیا گیا، کیمسٹری کے شعبے میں پاکستان کے وزیر اعظم نے انہیں کامسٹیک ایوارڈ سے نوازا۔  

انہیں 2004 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ممتاز قومی پروفیسر اور 2013 میں جامعہ کراچی کی جانب سے قابل پروفیسر کا اعزاز دیا جاچکا ہے

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو