اشنا شاہ نے چڑیا گھروں میں جانوروں کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کردیا

ویب ڈیسک  پير 28 ستمبر 2020
آزاد جانور کو قدرتی ماحوم سے نکال کر پنجروں میں رکھنا ظلم ہے،اشنا شاہ۔ فوٹو: فائل

آزاد جانور کو قدرتی ماحوم سے نکال کر پنجروں میں رکھنا ظلم ہے،اشنا شاہ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ڈراموں کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے چڑیا گھروں میں جانوروں کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔

اشنا شاہ نے انسٹا گرام پر کراچی چڑیا گھر کے ریچھ کی دو ویڈیوز شیئرز کیں جس میں ریچھ گرمی سے نڈھال نظر آرہا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے کہا یہ ویڈیوز کراچی چڑیا گھر کے ریچھ  کی ہے جوکہ گرمی سے تڑپ رہا ہے جب کہ تیسری تصویر میں ریچھ اپنے قدرت ماحول میں ہے۔

اشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ جانوروں کی نمائش کرنا اُن کے ساتھ نا انصافی اور شدید ظلم ہے۔ اگر جانوروں کو دیکھنے کا شوق ہے تو ان کو ان کے اپنے ماحول میں جا کر دیکھنا چاہئے کیوں کہ جب آپ چڑیا گھر جاتے ہیں تو آپ ان کی تکلیف کا حصہ بنتے ہیں اس لئے ایسی جگہوں کو بند کر دینا چاہئے۔

اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر ایک ایسی جگہ ہے جہاں سب قیدِ بے گناہ ہیں، اس حوالے سے منعقد کئے جانے والے شوز کی بھی حمایت نہ کریں بلکہ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی سمجھائیں کہ جانوروں کی نمائش کرنا اور دیکھنا شدید بے رحمی ہے کیوں کہ ان آزاد جانور کو قدرتی ماحوم سے نکال کر پنجروں میں رکھنا ظلم ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اللہ پاک نے جن جانوروں کو جنگل اور پہاڑ دیئے، جن آب حیات کو دریا اور سمندر دیئے اور اڑھنے کے لئے جن پرندوں کو کھلا آسمان دیا، اُن کو قید کرکے رکھنا ایک نہایت بھیانک حرکت ہے جو صرف انسان کرتا ہے۔ اس حقیقت پر غور کیجئے اور اپنے دل میں رحم اور نرمی پیدا کیجئے اور قدرت کے خلاف ہونی والی اس حرکت کو ختم کیجئے۔ کیوں کہ انسان انسانیت بھول چکے ہیں اس لئے بے زبان ک لئے آواز اُٹھائیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔