بیروت دھماکہ: بندرگاہ کے حکام گھروں میں نظر بند، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

لبنان

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشندھماکے سے بیروت کی بندرگاہ اور اس کے نواح میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کاروباری اور رہائشی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں

لبنانی حکام کا کہنا ہے ک بیروت کی بندرگاہ کے متعدد حکام کو ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ منگل کو وہاں ہونے والے ایک بڑے دھماکے کی تحقیقات ہیں۔

اس دھماکے میں کم ازکم 135 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 4000 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ملک میں دو ہفتوں کے لیے ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

ملک کے صدر عون مشیل نے کہا تھا کہ دھماکے کی وجہ 2750 ٹن امونیم نائٹریٹ بنا جو وہاں غیر محفوظ انداز میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔

کسٹم چیف بدری داہر نے کہا ہے کہ ان کی ایجنسی نے ان کیمیکلز کو ہٹانے کے لیے کہا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

وہ کہتے ہیں کہ اسے ہٹایا کیوں نہیں گیا یہ جاننے کے لیے ہم اسے ماہرین پر چھوڑتے ہیں۔

بدھ کو کابینہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ ’اس خوف کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا جس نے گذشتہ شب بیروت پر حملہ کیا، یہ شہر کی تباہی میں بدل گیا۔’

برطانوی یونیورسٹی شیفیلڈ سے منسلک ماہرین کا اندازہ ہے کہ بیروت دھماکے کی شدت اس جوہری بم کی شدت کا دسواں حصہ تھی جو دوسری جنگِ عظیم کے دوران جاپان کے شہر ہیروشیما میں گرایا گیا تھا۔ اور بلاشبہ یہ تاریخ کا سب سے شدید غیر جوہری دھماکہ تھا۔

بیروت

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبیروت میں دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک معاشی بحران اور کورونا وائرس جیسے مسائل میں گھرا ہوا ہے

یہ دھماکہ بیروت کی بندرگاہ کے علاقے میں ایک گودام میں مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے کے بعد ہوا اور یہ اتنا شدید تھا کہ پورا شہر ہل کر رہ گیا۔

اس کی شدت اتنی تھی کہ اس کے اثرات 240 کلومیٹر دور مشرقی بحیرۂ روم کے ملک قبرص میں بھی محسوس کیے گئے جہاں لوگوں نے اسے زلزلہ سمجھا۔

دھماکے سے قبل بندرگاہ میں متاثرہ مقام پر آگ لگی دیکھی گئی جس کے بعد ایک بڑا دھماکہ ہوا اور جائے حادثہ پر نارنجی رنگ کے بادل چھا گئے۔

اس دھماکے سے بندرگاہ اور اس کے نواح میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کاروباری اور رہائشی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

ملک میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

یہ دھماکہ بظاہر ایک گودام میں موجود امونیم نائٹریٹ کے ذخیرے میں ہوا ہے تاہم اس سلسلے میں سرکاری طور پر ابھی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

بیروت

لبنانی صدر نے کہا ہے کہ یہ امونیم نائٹریٹ ایک گودام میں غیرمحفوظ طریقے سے چھ برس سے موجود تھی۔

لبنانی وزیراعظم حسن دیاب نے کہا ہے کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ ویئر ہاؤس میں 2750 ٹن امونیم نائٹریٹ موجود تھی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پیغام میں لکھا کہ ’میں تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک مجھے اس واقعے کے ذمہ دار کا نہ پتا چل جائے تاکہ اس کا محاسبہ کیا جائے اور بہت سخت سزا دی جائے۔‘

لبنانی صدر نے مزید کہا ہے کہ ان کی حکومت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 100 ارب لیرا جاری کر رہی ہے جو کہ ساڑھے چھ کروڑ ڈالر کے مساوی رقم بنتی ہے۔

متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں اور امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

لبنانی ریڈ کراس کے سربراہ جارج قیطانی کا کہنا ہے کہ ’ہم ایک بہت بڑی تباہی دیکھ رہے ہیں۔ ہر طرف زخمی اور لاشیں ہیں۔‘

،ویڈیو کیپشنیہ دھماکہ بظاہر ایک گودام میں موجود امونیم نائٹریٹ کے ذخیرے میں ہوا ہے

حکام نے کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکے کی وجہ کیا بنی۔

یہ دھماکہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب ملک شدید بحران میں گھرا ہوا ہے۔ ملک میں معاشی حالات انتہائی ابتر ہیں اور ساتھ ساتھ کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ بھی ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں ایک سیاسی تناؤ کی بھی صورتحال ہے کیونکہ جمعے کو 2005 میں مارے گئے سابق وزیر اعظم رفیق حریری کے مقدمۂ قتل کا فیصلہ بھی آنا ہے۔

Twitter پوسٹ نظرانداز کریں, 1
Twitter کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Twitter کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Twitter ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

Twitter پوسٹ کا اختتام, 1

بین الاقوامی برادری کی جانب سے افسوس

بین الاقوامی برادری کی جانب سے لبنان میں ہونے والے دھماکے پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

عالمی برادری کی جانب سے اس واقعے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر لبنانی حکومت اور عوام سے اظہار افسوس کیا گیا ہے۔

برطانیہ، امریکہ، جرمنی، اسرائیل اور ایران کے حکام نے اپنے پیغام میں مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔

جرمن سفارتخانے نے اس واقعے میں اپنے عملے کے زخمی ہونے کی تصدیق ٹوئٹر پر کی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

بیروت

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبیروت میں دھماکے سے جانی نقصان کے علاوہ انفراسٹرکچر بھی تباہ ہوا۔ اور ہسپتال مریضوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے

معاشی بحران اور سیاسی کشیدگی میں گھرا لبنان

لبنان میں اس وقت سیاسی کشیدگی جاری ہے۔ حکومت کے خلاف زبردست عوامی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ عوام موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کے حکومتی فیصلوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

1975 سے 1990 تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے بعد لبنان میں آنے والا یہ بدترین معاشی بحران ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ حکومت سرحد پر اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی سے بھی نمٹ رہی ہے۔

اسرائیل نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے حزب اللہ کی طرف سے لبنان کی جانب سے اسرائیلی سرحدوں میں گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

لبنان

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنمتاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں اور امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا

حریری کیس کی تفصیلات کیا ہیں؟

یہ دھماکہ اس مقام کے قریب ہوا ہے جہاں سابق لبنانی وزیراعظم رفیق حریری سمیت 23 افراد فروری دو ہزار پانچ میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ اپنی گاڑی میں جا رہے تھے۔

رفیق حریری ملک کے نامور سنّی سیاست دانوں میں سے ایک تھے۔ ان کی موت جس وقت ہوئی اس عرصے میں وہ شام کی طرف سے ملک میں 1976 سے تعینات کیے گئے فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کررہے تھے۔

بیروت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبیروت کی مسجد محمد العمین بھی متاثر ہوئی

ان دھماکوں کے بعد اس وقت کی شام نواز حکومت کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے اور الزام سرحد پار قوتوں پر لگایا گیا۔ اس واقعے کے دو ہفتے کے اندر اندر حکومت مستعفی ہوگئی اور شام نے اپنی فوج کو واپس بلا لیا۔

2007 میں اقوام ِمتحدہ نے ایک خصوصی ٹرائبیونل تشکیل دیا اور حزب اللہ کے چار اراکین پر قتل، دہشت گردی اور شدت پسندی کی فرد جرم عائد کی گئی۔

حزب اللہ نے اس مقدمے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ سیاسی طور پر غیر جانبدار نہیں۔