شیطان کو کنکریاں مارنے سے متعلق نئی ہدایات بھی سامنے آگئیں

شیطان کو کنکریاں مارنے سے متعلق نئی ہدایات بھی سامنے آگئیں
 شیطان کو کنکریاں مارنے سے متعلق نئی ہدایات بھی سامنے آگئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب سمیت دنیابھرمیں کورونا وبا کے پھیلاو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائی جا رہی ہیں۔ حج قریب ہونے پر سعودی حکومت کی جانب سے بھی خاطر خواہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔

سعودی حکومت نے رواں سال غیر ملکی عازمین حج کی آمد پر پابندی عائد کی ہے تاہم سعودی عرب میں موجود لوگوں کی بڑی تعداد حج کرسکے گی تاہم ان کے تحفظ کے لیے سعودی حکومت نے تمام تر پہلووں کو سامنے رکھ کر اقدامات کیے ہیں۔

سعودی حکومت نے جہاں خانہ کعبہ کو نہ چھونے، حجر اسو د کو نہ چومنے، جائے نماز گھر سے لانے، فیس ماسک اور سماجی فاصلے کی ہدایات جاری کی ہیں وہیں اس نے شیطان کو ماری جانے والی کنکریوں کے حوالے سےبھی ہدایات جاری کی ہیں۔

نجی ٹی وی جیونیوز نے سعودی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بار حج پر  جمرات کی رمی کے لیے پیک شدہ کنکریاں فراہم کی جائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق جمرات کی رمی کے حوالے سے طے کیا گیا ہے کہ 50 افراد پر مشتمل ایک گروپ کو ہر منزل پر رمی کے لیے جانے کی اجازت دی جائے گی۔

رمی کرتے وقت ڈیڑھ سے دو میٹر تک کا فاصلہ ضروری قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی خیمے میں 10 سے زیادہ حاجیوں کو ٹھہرانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہر خیمہ 50 مربع میٹر کا ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ سعودی حکومت نے لفٹ کے استعمال، ذاتی صفائی، رہائشی عمارتوں ، ہوٹلوں ، بسوں ، بسوں کے لیے انتظار گاہوں ، دروازوں کے ہینڈلز ، میز وں ، کرسیوں اور صوفوں کو بھی سینیٹائز کرنے کی ہدایات کی ہیں تاکہ عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔