سفارتی عملے کی گرفتاری اور تشدد بدترین حرکت،پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو بھارت کا حقیقی چہرہ دکھا دیا

سفارتی عملے کی گرفتاری اور تشدد بدترین حرکت،پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو ...
سفارتی عملے کی گرفتاری اور تشدد بدترین حرکت،پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو بھارت کا حقیقی چہرہ دکھا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی بھارت کے خلاف جرائم کی فرد جرم ہے،بھارت میں پاکستانی سفارتی عملے کی گرفتاری اور تشدد بدترین حرکت، بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستانی ہائی کمیشن کوسفارتی ذمہ داریوں سے روکنا قابل مذمت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بھارت میں پاکستانی سفارتی عملے کی گرفتاری اور تشدد کو بدترین حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستانی ہائی کمیشن کوسفارتی ذمہ داریوں سے روکنا قابل مذمت ہے۔انھوں نے کہا کہ آر ایس ایس، بی جے پی حکومت پاکستانی ہائی کمیشن پر بے بنیاد، جھوٹے الزامات کی مہم شروع کر چکی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی اس مہم کا مقصد اپنے جرائم کو چھپانا ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مہم کامقصد مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے، عالمی برادری نوٹس لے، سفارتی و عالمی قانون کے منافی رویے پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو متعصبانہ، پرتشدد اقدامات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،بھارت خطے میں اپنے تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے، بھارتی شرپسندی اورتوسیع پسندانہ سوچ چین کو بھی سرحد پر اپنی فوج لانے پرمجبورکر چکی ہے جب کہ نیپال سے متعلق بھی اسی نوع کی خبریں میڈیا میں آ رہی ہیں۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی بھارت کیخلاف جرائم کی فردجرم ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -