جہانگیرترین نے چینی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 21 مئ 2020
پورا پاکستان جانتا ہے کہ اپنے کسان کو گنے کی پوری قیمت ادا کرتا ہوں، جہانگیر ترین۔ فوٹو، فائل

پورا پاکستان جانتا ہے کہ اپنے کسان کو گنے کی پوری قیمت ادا کرتا ہوں، جہانگیر ترین۔ فوٹو، فائل

 اسلام آباد: حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے چینی بحران پر تشکیل دیے گئے تحقیقاتی کمشین کی رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔

جہانگیر ترین نےاپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پورا ٹیکس ادا کرتا ہوں اور خود پر لگے تمام الزامات کا جواب دے کر خود کو سچا ثابت کروں گا۔ میں اپنے تمام تر ٹیکسزایمانداری سے ادا کرتا ہوں مجھ پر کاروبار کے لئے دو طرح کے کھاتے بنانے کا الزام سرا سر جھوٹ پر مبنی ہے۔

ان کا کہان تھا کہ پورا پاکستان جانتا ہے میں اپنے کسان کو گنے کی پوری قیمت ادا کرتا ہوں۔میں نے ہمیشہ دیانت داری سے کاروبار کیا ہے۔ پورا ٹیکس اداکرتا ہوں اور تمام الزامات کا جواب دوں گا۔ایف آئی اے رپورٹ میں مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندا ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: جہانگیرترین گروپ کی شوگر ملز اوورانوائسنگ اور ڈبل بلنگ میں ملوث ہیں، شہزاد اکبر

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ برس چینی کی برآمد کے باعث پیدا ہونےو الے بحران کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے کمیشن کی رپورٹ کا فرانزک آڈٹ ہونے کے بعد اسے عام  کردیا ہے۔ اس رپورٹ میں چینی کی برآمد پر حکومتی سبسڈی سے فائدہ حاصل کرنے والوں میں حکومت کے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ جہانگیر ترین کا نام بھی شامل ہے۔

دوسری جانب چینی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ پر مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الہی نے اپنے ٹوئٹ میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی اس بات کی وضاحت کرچکا ہوں کہ میرا کسی شوگر مل کی انتظامیہ یا بورڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سٹّے اور چینی کی قیمتوں پر حکومتی کنٹرول سے متعلق کمیشن کی سفارشات کی پُرزور حمایت کرتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔