ہربندے کا ٹیسٹ نہیں کر سکتے، یہ ناممکن ہے:وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد

Last Updated On 30 March,2020 09:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاہم ہر بندے کا کورونا وائرس ٹیسٹ نہیں کر سکتے، یہ ناممکن ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’سوال عوام کا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج آ رہے ہیں۔ جہاں صورتحال خراب ہوگی، وہاں مکمل لاک ڈاؤن کر دیں گے۔ جہلم اور اٹک کے اندر ایک گاؤں کو مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی اور جہلم میں لوگ بیرون ملک سے آئے تھے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہو رہا۔ صورتحال کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ مریضوں کی تعداد نہ بڑھے تاکہ کہیں ہسپتالوں میں سنبھالنا مشکل ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی اور کورونا ٹیسٹ میں بہت بڑا فرق ہے۔ دنیا کے بڑے ممالک میں بھی ہر شخص کا ٹیسٹ نہیں ہو رہا۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ٹیسٹ کروایا جاتا ہے۔ پنجاب میں 13 ہزار ٹیسٹ کر چکے ہیں جبکہ نئی پانچ ہزار کٹس پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پورے پنجاب کے ہسپتالوں میں تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ بہاولپور کے سول ہسپتال کو کورونا کے مریضوں کے لیے مخصوص کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement