چین کی جانب سے سندھ کیلیے 5 لاکھ این 95 ماسک کراچی پہنچ گئے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 25 مارچ 2020
چین کی جانب سے بھیجے گئے ماسک کراچی کارگو ٹرمینل پر وزیر اعلی سندھ نے وصول کیے  (فوٹو : فائل)

چین کی جانب سے بھیجے گئے ماسک کراچی کارگو ٹرمینل پر وزیر اعلی سندھ نے وصول کیے (فوٹو : فائل)

 کراچی: چین کی جانب سے صوبہ سندھ کے لیے 5 لاکھ این 95 ماسک کراچی پہنچ گئے، سندھ حکومت نے دو لاکھ ماسک رکھ کر تین لاکھ ماسک بقیہ صوبائی حکومتوں کو دینے کا اعلان کردیا۔

سندھ حکومت کے مطابق چینی حکومت نے سندھ حکومت کو پانچ لاکھ این 95 ماسک عطیہ کیے ہیں جو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کے روز کارگو ٹرمینل پر وصول کیے۔

بدھ کی صبح چین کا ایک خصوصی طیارہ سامان لے کر آیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک چین قومی پرچموں کے بینر تلے کھیپ وصول کرنے کی تقریب ادا کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام کی جانب سے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کورنا وائرس کے خلاف جنگ میں ہاتھ بٹایا۔

سندھ حکومت 3 لاکھ ماسک بقیہ حکومتوں کو دے گی، مرتضیٰ وہاب

اس حوالے سے مشیر سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ دو لاکھ ماسک سندھ حکومت اپنے پاس رکھے گی جب کہ بقیہ تین لاکھ ماسک پنجاب، کے پی، بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر کو دیے جائیں گے، ہم سب مل کر ہی اس وبا کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔

سندھ حکومت کے مطابق ایک لاکھ ماسک پنجاب حکومت کو، کے پی کے اور بلوچستان کو 56، 56 ہزار، آزاد کشمیر، گلگت حکومت کو 33 ,33 ہزار، اسلام آباد کو 22 ہزار ماسک دیئے جائیں گے۔ سندھ حکومت نےصوبوں کو ماسک کی ترسیل کے لیے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ذمہ داری دی ہے۔

ماسک صرف سندھ کیلیے تھے لیکن ہم بقیہ صوبوں کو نہیں بھول سکتے، سندھ حکومت

اس ضمن میں سندھ حکومت نے چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں دیرینہ دوست چین نے ہماری مدد کی ہے، چین کا امدادی سامان صرف سندھ کے لیے تھا لیکن ہم اس مشکل وقت میں دیگر صوبوں کو نہیں بھول سکتے، ہم چین سے ملنے والا امدادی سامان پورے ملک میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ کورونا وائرس کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں تمام صوبے ایک ساتھ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔