انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے دی

اپ ڈیٹ 20 فروری 2020
مورگن کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:اے ایف پی
مورگن کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو سیریز کے آخری اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر 2-1 سے سیریز جیت لی۔

سنچورین میں کھیلے گئے اہم میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بلے بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ٹیم کو ناقابل تسخیر ہدف دینے میں ناکام ہوئے۔

کپتان کوئنٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باووما نے پہلی وکٹ پر 84 رنز بنائے لیکن ڈی کوک 35 جبکہ باووما صرف ایک رن کے فرق سے نصف سنچری مکمل نہ کرپائے جس کے بعد ڈوسن نے 11 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کے کلاسان نے 33 گیندوں پر 66 اور ڈیوڈ ملر نے 20 گیندوں پر 35 رنز بنا کر ٹیم کو بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا تاہم پریٹوریس 11 اور فیلکوایو صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مقررہ 20 اوورز میں جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں پر 222 رنز بنا کر انگلینڈ کو مشکل ہدف ضرور دیا لیکن باؤلرز اس کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔

مزید پڑھیں:انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

انگلینڈ کی جانب سے کیوران اور اسٹوکس نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو پہلا دھچکا 15 رنز پر ہی لگا جب جیسن روئے صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں جاز بٹلر اور جونی بیئراسٹو نے ٹیم کے اسکور کو 106 رنز تک پہنچایا۔

بٹلر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بیئراسٹو 140 کے اسکور پر 64 رنز بنا کر فیلکوایو کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اننگز کا 13 واں اوور جاری تھا اور جنوبی افریقہ نے ڈیوڈ ملان کو 145 پر پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کے لیے ایک اور مشکل کھڑی کردی۔

کپتان آئن مورگن نے بین اسٹوکس کے ساتھ پانچویں وکٹ میں ٹیم کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا لیکن اسٹوکس کی اننگز 206 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز پر تمام ہوئی لیکن کپتان نے ہمت نہیں ہاری۔

انگلینڈ نے کپتان مورگن کی ناقابل شکست 22 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کی بدولت 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر 226 رنز بنا کر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

انگلینڈ نے میچ کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 2-1 سے جیت لی۔

مورگن کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں