کراچی کے علاقے کمیاڑی میں زہریلی گیس پھیل گئی، خواتین سمیت چار افراد جاں بحق

Last Updated On 16 February,2020 11:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کمیاڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد متاثرین ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں زیر علاج افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے۔ واقعہ کی تفصیلات معلوم کر رہے ہیں، تاہم ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج کے باعث ہلاکتوں ک اسن کر افسوس ہوا۔ اگرچہ واقعہ بندرگاہ میں نہیں ہوا، تاہم کے پی ٹی کا عملہ تحقیقات کر رہا ہے۔ جب تک ہمارے پاس حقائق موجود نہ ہوں اس وقت تک میڈیا پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کریں۔

ادھر ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی ہسپتال پہنچے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورٹ ایریا میں زہریلی گیس کا اخراج ہوا ہے۔ اس واقعے میں اب تک چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ پورٹ اتھارٹی اصل حقائق سے آگاہ کرے۔ کے پی ٹی حکام فی الفور بتائیں کہ کیوں اور کونسی گیس کا اخراج ہوا ہے۔

وزیر صحت سندھ نے کیماڑی میں مبینہ زہریلی گیس پھلنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی ہدایت پر محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں کیماڑی روانہ کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کیماڑی کے اطراف کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے اقدامات کیے جائیں اور امن فاؤنڈیشن اوردیگرایمبولینس کے ذریعے متاثرہ افراد کو جلد ریسکیو کیا جائے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیماڑی میں مبینہ زہریلی گیس پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ لوگوں کا اچھے طریقے سے علاج کا بندوبست کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سول، جناح اور عباسی شہید ہسپتالوں میں مکمل انتظامات کرتے ہوئے ڈاکٹروں کا ڈیوٹی پر ہونا یقینی بنایا جائے۔ ڈی سیز اور ایس ایس پیز اپنے سٹاف کے ذریعہ عوام کی مدد کریں۔ زہریلی گیس کا پھیلاؤ اصل مسئلہ ہے تو خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔



 

Advertisement