نئے پاکستان کے لیے ووٹ دیا اب عوام بھگتیں، شاہد خاقان عباسی

ویب ڈیسک  منگل 21 جنوری 2020
عمران خان ٹیکس ادا نہیں کرتے، شاہد خاقان عباسی فوٹو: فائل

عمران خان ٹیکس ادا نہیں کرتے، شاہد خاقان عباسی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کے لیے ووٹ دیا اب عوام بھگتیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ نیا پاکستان ہے، لوگ روٹی کھانا چھوڑ دیں تومسئلہ ہی ختم ہو جائے، 70 روپے کلو آٹا بک رہا ہے، حکمران اپنی ناکامی پر شرمندہ بھی نہیں، آٹا نہیں دے سکتے تو شرمندہ توہوجائیں، نئے پاکستان کے لیے ووٹ دیا اب عوام بھگتیں، حکومت کا ہر دن پاکستان کے عوام پر بھاری ہو گا۔

عمران خان کی جانب سے تنخواہ پر گزارے کی بات پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تنخواہیں بڑھا دی جائیں تو بہتر ہوگا لیکن عمران خان ٹیکس بھی ادا کریں وہ ٹیکس ادا نہیں کرتے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر نے معاملات اسمبلی میں اٹھانا ہوتے ہیں، بدقسمتی سے اسمبلی چل ہی نہیں رہی، اسمبلی میں کوئی بھی بات کریں، اسپیکر صاحب اجلاس ختم کر دیتے ہیں،اسمبلی میں صرف ایک بل بڑی عجلت سے منظور ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔